بنگلورو،24؍مئی (ایس او نیوز) بنگلورو شہر کے شیواجی نگراسمبلی حلقہ میں آنے والے کامراج روڈ پر واقع کیندریا ودیا لیہ کے صحن میں ایک 100بستروں پر مشتمل طبی مرکز فوجی حکام کے اشتراک سے قائم کیا گیا ہے۔ اس کا افتتاح ریاستی وزیر برائے ہاؤزنگ اور بنگلور و ایسٹ میں کورونا اُمور کے انچارج وزیر وی سومنا نے کیا۔ اس مرکز میں آکسیجن کی سہولت سے آراستہ 100بستر مہیا کروائے گئے ہیں۔
اس موقع پرمقامی رکن اسمبلی رضوان ارشد نے بتایا کہ اس مرکز میں ہمہ وقت ڈاکٹرس اور طبی عملہ کی سہولت دستیاب رہے گی۔ انہو ں نے بتایا کہ اس مرکز میں مریضوں کی آمد کے بعد ان کی کووِڈ او ر دیگرطبی جانچ کے بعد ان کا اسی مرکز میں علاج کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ مریض اگر کورونا پازیٹیو ہیں تو ابتدائی طبی دیکھ بھال کے بعد انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کرنے کے لئے اسی مرکز سے انتظام کیا جائے گا۔ دن بدن کورونا وائرس متاثرین کی بڑھتی ہوئی تعداد کے سبب انہوں نے جب فوجی حکام سے گزارش کی تو انہوں نے فراخدلی سے کیندریہ ودیالیہ کے احاطہ میں طبی مرکز کے قیام کو منظوری دی اور اس مرکز کا قیام فوجی حکام اور بی بی ایم پی کے اشتراک سے عمل میں لایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مرکز میں مریضوں کے علاج کے ساتھ فوجی حکام کی طرف سے کھانے کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔ شیواجی نگرحلقہ کے عوام کامراج روڈ پر واقع اس سہولت سے استفادہ کرسکتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ان کے حلقہ میں آنے والے نندی درگہ روڈ کی ری ماڈلنگ کا کام شروع ہو چکا ہے۔ اتوار سے اس پر کام کی شروعات کردی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 20سال سے اس سڑک کی مرمت یا دیکھ بھال مناسب طور پر نہیں کی جا سکی تھی، اب بی بی ایم پی کے ذریعہ اس سڑک کو اسمارٹ سٹی کی طرز پر ہی ترقی دینے کے لئے کام شروع کیا گیا ہے۔ آنے والے دنوں میں اس سڑک کو خوبصورت سڑک میں تبدیل کیا جائے گا۔